پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی

پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی
کیپشن: Pakistan won the Test series against England by 2-1

  ویب ڈیسک: پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے انتہائی آسان مقابلے میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے زیر کردیا ہے، جس کے ساتھ ہی پاکستان نے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی ہے، پاکستان نے چار سال بعد ہوم ٹیسٹ سیریز جیت لی، پاکستان نے 2021 میں جنوبی افریقہ کو ہوم سیریز ہرائی تھی۔

تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ میچ میں تیسرے دن انگلینڈ کی پوری ٹیم 112 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، پاکستان کو جیتنے کیلئے 36 رنز کا ہدف مل گیا، پاکستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

یاد رہے کہ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پہلی اننگ میں انگلینڈ کی ٹیم 10 وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بنا سکی، انگلینڈ کے 5 کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہونے میں ناکام رہے، پاکستان نے پہلی اننگ میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنر بنائے۔

سعودشکیل نے 223 گیندوں پر 134 رنز کی اننگ کھیلی، انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگ میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

نعمان علی نے 42 رنز دے کر 6 جبکہ ساجد خان نے 69 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

 چیئر مین   پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے انگلینڈ کے خلاف تیسرا  ٹیسٹ اور سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ 

محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قومی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرکے فتح اپنے نام کی، ساجد خان اور نعمان علی نے شاندار باؤلنگ کرکے اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا، سعود شکیل نے سنچری سکور کرکے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ 

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ٹیم نے شاندار پرفارمنس دکھائی اور ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی،اس جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہو گا، قوم کے ساتھ کھلاڑیوں کو ایسی شاندار فتح کا انتظار تھام،نئے کھلاڑیوں نے کارکردگی سے ٹیم میں اپنی شمولیت کو درست ثابت کیا۔ 

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستانی کرکٹ ٹیم اور قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ 

اپنے بیان میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز 1-2 سے جیتنے پر مبارک باد دیتا ہوں، پاکستانی ٹیم نے شاندار کم بیک کیا ہے۔ پاکستانی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، امید ہے کہ کھلاڑی آئندہ بھی اسی طرح پاکستان کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

گورنر سندھ نے پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز جیتنے پر قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔ اپنے بیان میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ قومی کوچ، کپتان، کھلاڑیوں کو گورنر سندھ نے شاباش دی ہے۔ 

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ سیریز میں قومی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کھلاڑیوں نے ٹیم ورک کے ذریعہ حریف ٹیم کو حاوی ہونے نہیں دیا۔