ایک نیوز :پی ٹی آئی کےوفد کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی اندرونی کہانی ایک نیوز نیوز نے حاصل کرلی۔
ذرائع کےمطابق پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان کو عمران خان کا پیغام پہنچایا، ملاقات میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی گئی، ملاقات میں پی ڈی ایم کی طرز پر نئے سیاسی اتحاد کی تجویز پر غورکیا گیا، پی ٹی آئی وفد کی قیادت سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کی ،ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی، پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمن کے سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت کے موقف کو سراہا۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے انتشار سے ملکی مسائل کا حل ممکن نہیں ، سیاسی اختلاف رائے کو سیاسی اختلاف بنانا سیاسی جماعتوں کے لئے نقصان دہ ہے ، محمد علی درانی کی مولانا فضل الرحمن سے ہونے والی گفتگو بھی زیر بحث آئی ،مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ محمد علی درانی بھی سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات کو کم کرکے بات چیت کا راستہ کھولنے کی خواہش لیکر آئے تھے ، سیاسی جماعتوں کے درمیان سیاسی اختلاف رائے میں شائستگی رہنی چاہئے۔