ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف نے کامران شاہد، عادل شاہزیب اور منیب فاروق کےمکمل بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا،کورکمیٹی نے تینوں اینکرز کےمکمل بائیکاٹ کی منظوری بھی دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا کوئی نمائندہ ان تینوں اینکرز کے پروگرامات میں شریک نہیں ہوگا،ذرائع ابلاغ کی انتظامیہ اور اس سے وابستہ صحافیوں سے آئین و قانون اور مسلّمہ صحافتی اقدار و اخلاقیات کی پاسداری کی امید کرتی ہے، ان تین اینکرز نے جبری طور پر لاپتہ کئے گئے تحریک انصاف کے قائدین عثمان ڈار، صداقت عباسی اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے اغواء کاروں کے ساتھ مل کر پلانٹڈ انٹرویوز کئے۔
ترجمان تحریک انصاف کا مزید کہنا ہے کہ چینلز انتظامیہ اور صحافتی تنظیموں سے توقع ہے کہ وہ صحافت کی حرمت کا سودا کرکے ملک میں لاقانونیّت کی سہولت کاری کے مرتکب ان تینوں اینکرز کے خلاف اپنی اپنی سطح پر مذمت اور کارروائی کریں گے،پاکستان تحریک انصاف بطور احتجاج ان تینوں اینکرز کے ساتھ کسی مباحثے یا پروگرام میں شریک ہوگی نہ ہی ان سے کسی قسم کا تعاون کیا جائے گا۔