ایف آئی اے کی بڑی کارروائی: آن لائن فراڈ، دھوکا دہی میں ملوث گینگ گرفتار

ایف آئی اے کی بڑی کارروائی: آن لائن فراڈ، دھوکا دہی میں ملوث گینگ گرفتار
کیپشن: FIA's big operation: Gang involved in online fraud, cheating arrested

ایک نیوز: ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے آن لائن فراڈ اور دھوکہ دہی میں ملوث گینگ گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں نائجیرین شہری بھی شامل ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق اشتہاری ملزم محمد حمدان سندھو اور تھیوڈور اکینی نامی نائجیرین باشندے کو چھاپہ مار کارروائی میں لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان فیس بک پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے شہریوں کو جال میں پھنساتے تھے۔ 

بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے خواتین کے نام سے متعدد آئی ڈیز بنا رکھی تھیں۔ ملزمان دوستی، تحائف اور پیسوں کا لالچ دیکر سادہ لوح شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتے تھے۔ ملزمان ابتداء میں سادہ لوح شہریوں کو مختلف پیغامات کے ذریعے تحائف کا لالچ دیتے تھے۔ بعد ازاں کسٹم کلیئرنس اور دیگر کے نام پہ لاکھوں روپے بٹورتے تھے۔ 

بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے مذکورہ رقوم مختلف بینک اکاؤنٹس میں وصول کیں۔ ملزمان کے قبضے سے موبائل فون و دیگر شواہد حاصل کر لیے گئے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔