ایک نیوز نیوز: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج خورشید عالم بھٹی نے لال حویلی کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور شیخ صدیق احمد کی اپیلیں منظور کرلی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی مقامی عدالت میں لال حویلی کیس کی سماعت ہوئی۔ جس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج خورشید عالم بھٹی نے کی۔
سماعت میں شیخ رشید احمد اور شیخ صدیق احمد کی طرف سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ ایڈووکیٹ سردار عبدالرزاق نے کہا کہ لال حویلی شیخ رشید کے بھائی شیخ صدیق کی ذاتی ملکیت ہے۔
لال حویلی سے متروکہ وقف املاک کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ موجودہ حکومت اس حویلی سے ملحق چند کمروں کو بنیاد بنا کر ان سے لال حویلی چھیننے کی سازش کررہی ہے۔
سردار عبدالرازق خان نے کہا کہ مذکورہ کمرے بھی شیخ صدیق کے قانونی قبضے میں ہیں جو انھوں نے سابقہ مالکان سے خریدے تھے اور سول جج نے قانونی تقاضے پورے کئے بغیر مقدمہ خارج کردیا۔
بعدازاں عدالت نے بحث سننے کے بعد شیخ رشید اور شیخ صدیق کی اپیل منظور کرتے ہوئے سول جج کا فیصلہ کالعدم کردیا اور مقدمہ دوبارہ سماعت کے لئے سول کورٹ میں ریمانڈ کردیا ہے۔