ایک نیوز نیوز: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سعودی ولی عہد اوروزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے منگل کے روز الریاض میں ملاقات کی ہے۔
انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ہے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اورعالمی امور پربات چیت کی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ انھوں نے دونوں برادرملکوں کے درمیان تعلقات کو تبدیل ہوتی دنیا کے تقاضوں کے مطابق بڑھانے سے اتفاق کیا ہے۔انھوں نے شہزادہ محمد بن سلمان کو بتایا کہ پاکستان کے عوام ان کے دورے کے شدّت سے منتظر ہیں۔
وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ جب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے لیے شاہی محل پہنچے تو انھوں نے بہ نفس نفیس میاں شہبازشریف اور ان کے رفقاء کا پُرتپاک خیرمقدم کیا۔
اس ملاقات میں وزیراعظم کے ساتھ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔