راحت فتح علی خان ایک مرتبہ پھر ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئے

Oct 26, 2020 | 14:32 PM

admin
(ایک نیوز نیوز) عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان ایک مرتبہ پھر ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے۔ راحت فتح علی خان کے غیرملکی کانسرٹس کی آمدن کا سراغ لگانے کے لیے کارروائی شروع کردی۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے گلوکار راحت فتح علی خان کے حوالے سے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا۔ ایف بی آر نے ایف آئی اے سے راحت فتح علی خان کی ٹریول ہسٹری مانگ لی۔ ایف آئی اے کو یکم جولائی 2014سے تاحال راحت فتح علی خان کے تمام غیرملکی دوروں کی تفصیل کے لیے ایف بی آر نے خط لکھ دیا۔

ایف بی آر نے ایف آئی اے کو پہلے بھی راحت فتح علی خان کی ٹریول ہسٹری کے لیے خط لکھا لیکن جواب نہ آیا۔ ایف بی آر نے راحت فتح علی خان کی تفصیلات کے لیے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر آئی بی ایم ایس کو خط لکھا۔ ایف بی آر گلوکار راحت فتح علی خان کا سال 2016,17کا انکم ٹیکس آڈٹ بھی کررہا ہے۔
گلوکار راحت فتح علی خان نے سال 2019 میں اپنی آمدن ایک کروڑ 77لاکھ45ہزار روپے ظاہر کی ہے۔ گلوکار راحت فتح علی خان نے سال 2019میں 51لاکھ29ہزار 580روپے ٹیکس ادا کیا تھا۔

واضح رہے کہ موسیقی کے شعبے میں عالمی سطح پر شہرت حاصل کرنے کے بعد اب راحت فتح علی خان فلم میں بھی جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہیں۔ راحت فتح علی خان پاکستانی فلم ’دم مستم‘ میں مختصر سا کردار ادا کر رہے ہیں۔
مزیدخبریں