ایک نیوز: پولیس نے عوام کی مدد سے لکی مروت کے علاقے احمد زئی میں سرحد پار سے آئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔لوگ پولیس کی مدد کو نکل آئے جس کی وجہ سے دہشت گرد فرار ہوگئے۔
تفصیلا ت کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور عوام نے لکی مروت پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا،غیور عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ دہشتگردوں کے خلاف صف آراء ہوگئے،لکی مروت سے ملحقہ علاقہ احمدزئی میں خوارج نے گزشتہ رات پولیس پوسٹ پر حملہ کر دیا۔ حملے کو ناکام بنانے میں علاقے کے لوگوں نے پولیس اہلکاروں کی بھرپور مدد کی اور ان کے شانہ بشانہ لڑائی کی۔
گزشتہ شب احمدزئی پوسٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں نے سات سے آٹھ دہشتگردوں کی نشاندہی کی جو کہ لکی مروت اور ملحقہ علاقوں میں دہشتگرد کاروائیوں کی غرض سے نقل وحرکت کر رہے تھے۔
جدید نگرانی کے آ لات سے لیس پولیس اہلکاروں نے دہشتگردوں کو فوراً نشانہ بنایا۔ فائرنگ کی آواز سن کر علاقہ کی غیور عوام پولیس کی مدد کو پہنچی جس پر بزدل خوارج دم دبا کر بھاگ گئے۔
خیبرپختونخوا پولیس کی استعداد میں حالیہ اضافہ سے پولیس اہلکاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور وہ دہشتگردوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں دے رہے۔
لکی مروت کے غیور عوام کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف عملی طور پر سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ دہشت گرد گیدڑ کی طرح حملہ کرتے ہیں، اگر ہمت ہیں تو میدان میں مقابلہ کریں، ہم شہادت کے لیے تیار ہیں،ہم دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی سر زمین کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں،ایک بار پھر خیبر پختونخوا کی عوام نے یہ ثابت کیا ہے کہ نہتے عوام کو نشانہ بنانے والے اور بھتہ خوری کرنے والے خوارج کا وجود ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔
عوام نے عہد کیا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر ہر حد تک جائیں گے تا کہ علاقہ میں دیرپا امن کا قیام ممکن ہو۔