مونس الہیٰ کا پرویز الہیٰ سے اختلاف ؟ اسمبلیاں توڑنے کے بیان پر بڑا اعلان

Nov 26, 2022 | 21:30 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز نیوز: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہی کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی مونس الہیٰ نے عمران خان کے اسمبلیاں توڑنے کے اعلان پر  ''لبیک '' کہہ دیا جبکہ پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مونس الہیٰ نے لکھا کہ 27 جولائی کو اللہ پاک نے ہمیں سرخرو کیا تھا اور پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ پنجاب بنایا تھا۔ اس  دن کے بعد سے ہم بونس پہ چل رہے ہیں ۔ہم اپنے وعدے پہ قائم ہیں۔ جس دن  میرے وزیراعظم عمران خان  نے کہا اسی وقت انشاءاللہ پنجاب اسمبلی توڑ دی جائے گی۔

واضح رہے کہ  وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے اسمبلیاں توڑنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الحمداللہ سیاسی صورتحال کنٹرول میں ہے۔ جب تک اللہ نہ چاہے،پنجاب حکومت کو کچھ نہیں ہوگا۔ اللہ تعالیٰ نے عہدہ دیا، جو چیز اللہ دیتا ہے اسے کوئی نہیں چھین سکتا۔ پنجاب حکومت اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے قائم و دائم ہے،مدت پوری کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں انہوں گفتگو کرتے ہوئے کہا  مختصر عرصے میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے بے پناہ کام کیاہے۔  ہماری نیت نیک اورسمت درست ہے۔ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا عوام کی خدمت کررہے ہیں۔  سب اللہ تعالیٰ کا فضل وکرم ہے، اللہ تعالیٰ کو یاد کرکے فیصلے کرتے ہیں جس کا پھل بھی ملتا ہے۔ نیت کا پھل مل رہاہے کسی سے کوئی بعض نہیں،مثبت سوچ رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں