ایک نیوز نیوز: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہی کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی مونس الہیٰ نے عمران خان کے اسمبلیاں توڑنے کے اعلان پر ''لبیک '' کہہ دیا جبکہ پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مونس الہیٰ نے لکھا کہ 27 جولائی کو اللہ پاک نے ہمیں سرخرو کیا تھا اور پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ پنجاب بنایا تھا۔ اس دن کے بعد سے ہم بونس پہ چل رہے ہیں ۔ہم اپنے وعدے پہ قائم ہیں۔ جس دن میرے وزیراعظم عمران خان نے کہا اسی وقت انشاءاللہ پنجاب اسمبلی توڑ دی جائے گی۔
27 جولائی کو اللہ پاک نے ہمیں سرخرو کیا تھا اور @ChParvezElahi کو سی ایم بنایا تھا۔ اس دن کے بعد سے ہم بونس پہ چل رہے ہیں ۔ہم اپنے وعدے پہ قائم ہیں۔ جس دن PM @ImranKhanPTI نے کہا اسی وقت انشاءاللہ پنجاب اسمبلی توڑ دی جائے گی۔
— Moonis Elahi (@MoonisElahi6) November 26, 2022
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے اسمبلیاں توڑنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الحمداللہ سیاسی صورتحال کنٹرول میں ہے۔ جب تک اللہ نہ چاہے،پنجاب حکومت کو کچھ نہیں ہوگا۔ اللہ تعالیٰ نے عہدہ دیا، جو چیز اللہ دیتا ہے اسے کوئی نہیں چھین سکتا۔ پنجاب حکومت اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے قائم و دائم ہے،مدت پوری کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں انہوں گفتگو کرتے ہوئے کہا مختصر عرصے میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے بے پناہ کام کیاہے۔ ہماری نیت نیک اورسمت درست ہے۔ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ سب اللہ تعالیٰ کا فضل وکرم ہے، اللہ تعالیٰ کو یاد کرکے فیصلے کرتے ہیں جس کا پھل بھی ملتا ہے۔ نیت کا پھل مل رہاہے کسی سے کوئی بعض نہیں،مثبت سوچ رکھتے ہیں۔