عمران خان کا اسمبلیاں توڑنا ناممکن، وفاقی حکومت نے توڑ نکال لیا

Nov 26, 2022 | 20:56 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز نیوز:  وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے عمران خان کے اسمبلیاں توڑنے کے اعلان  پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ  یہ اعلان عمران خان کا اعتراف شکست ہے۔ آج پریشر گروپ سیاست کی موت ہوئی ہے۔ عمران خان نے ہزیمت سے بچنے کیلئے اسمبلیوں سے باہر آنے کا اعلان کیا ہے۔الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، اسمبلیوں کو بھی اپنی مدت پوری کرنی چاہیے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے عمران خان کے پلان کو ناکام بنانے کا حل پیش کردیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کا اعلان بیوقوفانہ ہے، ان کا کیا خیال ہے ، اپوزیشن آرام سے دیکھتی رہے گی ؟اگر اپوزیشن عدم اعتماد جمع کرادے تو  قانون کے مطابق اسمبلیاں نہیں توڑ ی جاسکتیں۔ ہم نے ریکوزیشن تیار کرلی ہے، کسی بھی وقت تحریک عدم اعتماد جمع کراسکتے ہیں۔

راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلے ہیلی کاپٹرپرجلسے کا فضائی جائزہ لیا پھر جب دیکھا کہ لاہور نہیں آئے تو دونوں وزرائے اعلیٰ کو سزا کے طورپراسمبلیاں توڑنے کاکہہ دیا۔میں دعویٰ سے کہتا ہوں کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنے کے اعلان پربھی یوٹرن لیں گے۔ عمران خان کی جان سے خطرے سے متعلق میں راز سے ابھی پردہ نہیں اٹھا سکتا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پنجاب میں اسمبلی توڑنا بڑا مشکل ہے، پرویز الہیٰ نہیں مانیں گے۔خیبر پختونخوا کی حد تک شاید ممکن ہو۔ لیکن میرے مطابق  یہ دونوں اسمبلیاں نہیں توڑ سکتے۔ عمران خان کو آج اعتراف کرنا چاہیے تھا کہ میں نے آج غلط پالیسی اپنائی۔ میں اب سیاستدان بن کر دوسرے سیاستدانوں کے ساتھ بیٹھوں گا اور ہم ملک کو مل کر اس مشکل سے نکالیں گے اور الیکشن کی طرف جائیں گے۔ 

مزیدخبریں