ایک نیوز نیوز: مشہور گلوکارہ اور اداکارہ جینیفر لوپیز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی نئی البم ’This Is Me... Now ‘کی ریلیز ہونے کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جینیفر لوپیز نے 2002 کے البم ’This Is Me... Then ‘کی 20ویں سالگرہ کے موقع پر اپنی نئی البم ’This Is Me... Now ‘کی ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ نیا البم آئندہ برس ریلیز کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ انہوں نے حال ہی میں اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سیاہ ڈی پی لگا کر انسٹاگرام کی تمام پوسٹ آرکائیو کردی تھیں۔ اب انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
اس ویڈیو میں انہوں نے 2002 کے البم ’This Is Me... Then ‘کی کور پِکچر کا لُک ری کریٹ کرکے نئے البم کی کور پِکچر متعارف کروائی۔ انہوں نے ان دونوں البم کو ’This Is Me... Then and This is Me… Now ‘سے منسلک کیا ہے۔2002 میں ریلیز ہونے والی اس البم کے دو گانے ’جینی فرام دی بلاک‘ اور ‘آل آئی ہیو‘ سُپر ہِٹ رہے تھے۔ یہ دونوں گانے ان کے اور اداکار بین ایفلیک کے ازدواجی تعلقات سے متاثر تھے۔
تاہم 2003 میں ان دونوں کی طلاق ہوگئی تھی۔ تاہم اب رواں سال جولائی میں یہ جوڑا ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگیا تھا۔
جینیفر لوپیز نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں البم کے 13 گانوں کی فہرست بھی جاری کی ہے جس میں ایک گانا ’ Dear Ben pt. ll‘ہے، جو اس بات کا عندیہ دیتے ہیں کہ یہ البم بھی جزوی طور پر بین ایفلیک کے ساتھ ان کے تعلقات سے متاثر ہوگا۔