ایک نیوز نیوز: جنرل عاصم منیر کے آرمی چیف بننے پر لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس کے بعد لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے بھی قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انویسٹی گیٹو جرنلسٹ انصار عباسی کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی وزارت عظمیٰ میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا نام جی ایچ کیو کی جانب سے آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے بھیجے گئے سینئر ترین 6 افسران میں شامل تھا۔
لیفٹننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ترقی پانے کے بعد اپریل 2019 میں لیفٹننٹ جنرل کا رینک لگایا تھا۔ وہ اپریل 2023 میں ریٹائر ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ پاک فوج میں لیفٹننٹ جنرل بننے والا ہر جنرل 3 برس کے لیے کام کرتا ہے اور اس مدت کے اختتام پر اگر اسے فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی نہ دی جائے تو وہ ریٹائر ہوکر گھر چلا جاتا ہے۔ فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی ملنے کی صورت میں وہ مزید 3 برس تک کام کرتا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ، جنرل کیانی سمیت جن جرنیلوں نے 3 برس سے زیادہ عرصہ خدمات انجام دیں ان کی مدت میں حکومت نے توسیع کی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ذرائع سے ہی یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے بھی قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کون ہیں ؟
چکوال سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا شمارپاک فوج کے انتہائی تجربہ کار افسران میں کیا جاتا ہے ۔ وہ پاس آؤٹ ہونے کے بعد بلوچ رجمنٹ کا حصہ بنے۔ اپریل 2019 میں ان کی ترقی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ہوئی۔
اسی برس جون میں انہیں پاکستان کی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا سربراہ مقرر کیا گیا۔ اس تعیناتی سے قبل وہ جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید راولپنڈی میں ٹین کورکے چیف آف اسٹاف، پنوں عاقل میں جنرل آفیسر کمانڈنگ اور آئی ایس آئی میں ڈی جی کاؤنٹر انٹیلیجنس سیکشن کے طور بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
اکتوبر 2021 میں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی بطور کور کمانڈر پشاور تعیناتی ہوئی۔ چند ماہ بعد انہیں کورکمانڈر بہاولپور تعینات کردیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس کون ہیں ؟
لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس کا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے۔ وہ اس وقت چیف آف جنرل اسٹاف ہیں اور اس سے قبل ٹین کور کی کمانڈ کر چکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس بھارت کے امور پر وسیع تجربے کے حامل ہیں چونکہ راولپنڈی کور تعیناتی میں توجہ کشمیر اور گلگت بلتستان پر بھی ہوتی ہے، اس لیے سیاسی حوالے سے بھی یہ اہم کور ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس کو اکتوبر 2020 میں کور کمانڈر راولپنڈی تعینات کیا گیا۔ تعیناتی کے دوران فروری 2021 بھارت اور پاکستان کی افواج میں 2003 کے جنگ بندی معاہدے کے احترام کا معاہدہ ہوا تھا، اس معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنانا لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس کی ذمہ داری تھی۔
لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس ماضی میں انفنٹری اسکول کوئٹہ کے کمانڈنٹ رہ چکے ہیں۔ وہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے پرسنل اسٹاف آفیسر بھی تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس مری میں تعینات بارہ انفنٹری ڈویژن کی بھی کمانڈ کر چکے ہیں، جہاں آزاد جموں و کشمیر ان کی ذمہ داری کے علاقے میں شامل تھا۔