ایک نیوز نیوز: پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ سے قبل پولیس نے پارٹی قیادت کوتحریری طور پر سیکورٹی ہدایات دیتے ہوئے مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
پولیس کی جانب سے دی جانے والی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اسٹیج اور روسٹرم کو بلٹ پروف بنائیں جبکہ عمران خان بلٹ پروف جیکٹ بھی لازماً استعمال کریں۔
مراسلے کے مطابق عمران خان کو کسی بھی عوامی مقام پرگاڑی سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کے علاوہ پی ٹی آئی سے ان کی نقل و حرکت کو بھی خفیہ رکھنے کا کہا گیا ہے۔مجوزہ گاڑی/ پیدل روٹ کے علاوہ راستہ استعمال نہ کیا جائے۔پولیس نے پی ٹی آئی قیادت کو تحریری طور پر اہم سیکورٹی ہدایات سے آگاہ کر دیا ہے۔وی آئی پی کی سیکورٹی کے لئے ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے،ہدایات تحریری طور پر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم کو دیدی گئی ہیں۔
مراسلہ کے مطابق وی آئی پی کی گاڑی کی پارکنگ الگ اور مخصوص ہو گی،اسٹیج پر شرکاء کی فہرست پہلے سے انتظامیہ کو فراہم کی جائے،فہرست کے علاؤہ کوئی بھی اسٹیج پر نہیں جا سکے گا،اسٹیج پر نقل و حرکت محدود رکھی جائیں گی،جلسہ گاہ/مارچ میں کوئی مسلح پرائیویٹ گارڈ/گن مین نہیں ہو گا، عمران خان کسی مقام پر عوام سے ملاقات نہیں کریں گے،تمام شرکاء مجوزہ مقام سے مکمل چیکنگ کے بعد ہی داخل ہو سکیں گے،ڈرون کیمرہ کے استعمال/آتش بازی پر مکمل پابندی ہو گی،خواتین کے لئے الگ اور مناسب جگہ مختص کی جائے،کارکنوں کو کسی عمارت کی چھت پر چڑھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایجنسیوں کی رپورٹ ہے عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، کل کا جلسہ ملتوی کر دیں۔