ایک نیوز نیوز: عوامی لیگ کے سربراہ و سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے آج ہونے والے راولپنڈی جلسے میں عوام حکومت سے نجات اور عام انتخابات کے حق میں فیصلہ دیں گے۔
عوامی لیگ کے سربراہ و سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی تعیناتی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج میں ہونے والی نئی تعیناتیاں پی ڈی ایم کا ملبہ نہیں اٹھائیں گی۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ نئی تعیناتیاں سیاست سے دور رہیں گی۔ ملک، اپنے ادارے اور عوام کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔ اداروں کا وقار اور عوام کا اعتماد بحال کریں گی۔ جنہوں نے سود ختم کیا تھا، انہوں نے شرحِ سود بڑھا دیا۔پیغام میں عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے سرحد پر درآمدات و برآمدات کی صورتحال پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ نہ سرحد کھل رہی ہے نہ بینک کاغذ ریلیز کر رہے ہیں۔ پورٹ خام مال کے کنٹینرز سے بھر گئے۔
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج دوپہر 12 بجے حقیقی آزادی لانگ مارچ میں شرکت کیلئے راشد شفیق کے ہمراہ لال حویلی سے نکلوں گا۔ پنڈی میں عوام کا سمندر اور ریفرنڈم ہوگا۔ لوگ حکومت سے نجات اور انتخاب کے حق میں فیصلہ دیں گے۔
شیخ رشید احمد نے ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر رائے زنی کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔ معیشت کی تباہی قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ معاشی سیاسی عدم استحکام اور مہنگائی غریب کو لے ڈوبی ہے۔