ایک نیوز نیوز: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے راولپنڈی میں آج بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا، جس میں شرکت کیلئے ملک بھر سے کارکنان قافلوں کی صورت پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی ہدایت پر پی ٹی آئی نے جلسہ گاہ کا مقام تبدیل کردیا، جس کے بعد اب سکستھ روڈ فلائی اوور پر اسٹیج بنایا گیا جبکہ پنڈال چاندنی چوک تک لگایا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو 26 نکات پر جلسے کی اجازت دے دی ہے جس کے مطابق پی ٹی آئی کو رات بارہ بجے سے پہلے جلسہ گاہ کو خالی کرنا ہوگا۔
پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں وہیں ابھی تک عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کا معاملہ حل نہ ہوسکا، جی ایچ کیو کی جانب سے پریڈ گراؤنڈ میں ہیلی کاپٹر اتارنے کی اجازت کے بعد انتظامیہ نے اس سے انکار کردیا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی عرفان میمن نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک اںصاف عمران خان کا ہیلی کاپٹر لانگ مارچ کے دوران بارانی یونیورسٹی میں اتارا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان دوپہر 2 بجے زمان پارک سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی قیادت کو تھریٹ الرٹ کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے، جس کے تحت پنڈال اور جلسہ گاہ کے اطراف میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
جلسے کی حفاظت کے لیے 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ بلند مقامات پر اسنائپرز بھی موجود ہوں گے۔
پی ٹی آئی قائدین نے واضح کیا ہے کہ عمران خان اور پنڈی مارچ کی سیکیورٹی کی ذمہ داری حکومت کی ہے اگر کچھ ہوا تو اس حکومت اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو ذمہ دار سمجھا جائے گا۔
تھریٹ الرٹ کے پیش نظر پی ٹی آئی نے بھی سیکیورٹی پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت کارکنان کو مرکزی کنٹرینر سے 20 فٹ دور رکھا جائے گا۔
اُدھر راولپنڈی کے چاروں بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کرتے ہوئے تمام آپریشنز ملتوی اور ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں۔
حکام کے مطابق فیض آباد اور زیرو پوائنٹ کو مری روڈ سے اسلام آباد داخلے کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔ کشمیر چوک سے ریڈ زون، شہر کی جانب داخلے کو بھی جزوی طور پر بند کریں گے۔ پی ٹی آئی کے احتجاج کے سبب شہر کے ریڈ زون کو سیل کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد کے لیے 26 نمبر پوائنٹ اور کورال چوک سے داخلے کو بھی جزوی طور پر بند کیا جا رہا ہے۔