ویب ڈیسک: برطانیہ میں ایک سکول اپنے ایک طالب علم کو اسکے لمبے بالوں کیوجہ سے نکالنے کے درپہ ہوگیا ہے جبکہ 12 سالہ طالب علم عجیب و غریب بیماری میں مبتلا ہے جس میں بال کٹوانے کا خوف انتہائی غالب ہوجاتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں فاروق جیمز کو ان کے لمبے بالوں کی وجہ سے سکول سے نکالنے کی دھمکی دی جارہی ہے۔ حالانکہ فاروق ایک نایاب فوبیا کا شکار ہے جس میں ایک شخص اپنے بال کٹوانے سے ڈرتا ہے۔
فاروق جیمز کے کمر کے برابر لمبے بالوں کیوجہ سے صرف انسٹاگرام پر اسکے 250,000 سے زیادہ فالوورز ہیں۔ تاہم جب اس نے اپنے نئے سکول میں کلاسز شروع کیں تو اس پر دباؤ ڈالنا شروع کردیا گیا کہ وہ سکول کے ضابطوں کے مطابق اپنے بالوں کو کاٹے۔
فاروق کے اہل خانہ نے سکول کو ڈاکٹرز کے نوٹس بھی بھیجے جس میں لڑکے کی حالت سے آگاہ کیا گیا لیکن سکول اپنے مطالبے پر اڑ گیا ہے۔
فاروق کی والدہ کا دعویٰ ہے کہ وہ فاروق کو وہاں داخل کرنے سے پہلے سکول کے ضوابط کے بارے میں جانتی تھیں لیکن ان کا خیال تھا کہ وہ سمجھ جائیں گے اور طبی بنیادوں پر استثنیٰ دیں گے۔ لیکن بدقسمتی سے سکول شروع ہونے کے بعد ہیڈ ماسٹر نے کہا کہ اگر ان کے بیٹے نے بال نہیں کٹوائے تو اسے نکال دیا جائے گا۔