پاکستان کےمعروف اداکارطلعت حسین کی نمازجنازہ ادا کردی گئی

پاکستان کے معروف سینئر اداکار طلعت حسین وفات پا گئے
کیپشن: Pakistan's famous senior actor Talat Hussain passed away

ویب ڈیسک: معروف اداکار، صدا کار اور ہدایت کار طلعت حسین طویل علالت کےبعد انتقال کر گئے۔ نماز جنازہ کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے میں واقع جامعہ مسجد عائشہ میں ادا کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر کراچی آرٹس کونسل احمد شاہ کا کہنا تھا کہ اداکار طلعت حسین صحت کی خرابی کے باعث کافی عرصے سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، طلعت حسین کی صاحبزادی نے والد کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

معروف اداکارطلعت حسین کچھ عرصہ سے ذہنی بیماری ڈیمنشیا کا شکار تھے اور انہیں سینے میں بھی انفیکشن تھا۔

تزین حسین نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر والد طلعت حسین کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں گہرے رنج و غم کے ساتھ یہ اعلان کررہی ہوں کہ میرے پیارے والد طلعت حسین صاحب خالقِ حقیقی سے جا ملے ہیں۔

 اُنہوں نے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد طلعت حسین کی مغفرت کے لیے دُعا کریں۔

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد نے سینئر اداکار کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

طلعت حسین کے کیرئیر پر ایک نظر

طلعت حسین بھارت کے شہر دہلی میں 1940 میں پیدا ہوئے تھے، طلعت حسین کا تعلق پڑھے لکھے اور روشن خیال گھرانے سے تھا،ان کے والد تقسیمِ ہندسے پہلے سرکاری ملازم تھے اور والدہ ریڈیو پر شوقیہ پروگرام کیا کرتی تھیں، طلعت حسین کے علاوہ ان کا ایک اور بھائی بھی تھا، یہ لوگ دہلی سے ہجرت کر کے پاکستان آئے۔

پاکستان ٹیلی ویژن پر انھوں نے کام کا آغاز 1967ء سے کیا، طلعت حسین اداکاری کے شعبے میں اکادمی کا درجہ رکھتے تھے، نیشنل اکادمی آف پرفارمنگ آرٹ میں آپ کی خدمات قابل قدر ہیں، انھوں نے پاکستان کے باہر بھی کئی چینلز پر اداکاری کی، 1971ء کی جنگ کے دوران ریڈیو پر ایک پروگرام کیا تھا’’کیا کرتے ہو مہاراج‘‘ جو جنگ ختم ہونے تک جاری رہا۔

1972ء میں ان کی شادی پروفیسر رخشندہ سے ہوئی، ان کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔

ان کے مشہور ڈراموں میں طارق بن زیاد، بندش، دیس پردیس ،عید کا جوڑا، فنون لطیفہ، ہوائیں ،اک نئے موڑ پہ، پرچھائیاں، دی کاسل ، ایک امید ، ٹائپسٹ، انسان اور آدمی ،رابطہ، نائٹ کانسٹیبل ، درد کا شجر اور کشکول شامل ہیں۔

طلعت حسین نے ڈراموں کے ساتھ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ان فلموں میں چراغ جلتا رہا، گمنام،انسان اور آدمی،جناح ، ان پورٹ ، ایکسپورٹ ، ناروے، لاج ، قربانی ،سوتن کی بیٹی (انڈین)، اشارہ ،آشنا، بندگی، محبت مر نہیں سکتی شامل ہیں،انہیں بہترین اداکاری کے اعتراف میں 1983 سے 1985تک تمغائے حسن کارکردگی برائے فنون سے بھی نوازاگیا۔

اظہار افسوس

قائمقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے معروف فنکار طلعت حسین کے انتقال پر گہرے دکھ وغم کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم طلعت حسین کی فنون لطیفہ کیلئےگرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے۔

شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے اداکار طلعت حسین کی وفات پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی درجات کی دعا کی اپنے تعزیتی پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ طلعت حسین نے اپنی جاندار اداکاری سے فن کی دنیا اور شائقین کے دلوں میں جگہ بنائی ۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی وی ، تھیٹر، فلم اور ریڈیو کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ، ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پُر نہیں ہو گا۔

 مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ناموراداکار طلعت حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کیا، مریم نواز شریف نے طلعت حسین کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مرحوم طلعت حسین کی فنی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلعت حسین فن اداکاری میں اپنی مثال آپ تھے۔

عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا ٹی وی، فلم، تھیٹر اور ریڈیو کے عظیم اداکار اور صداکار طلعت حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم طلعت حسین ایک حقیقی استاد تھے، ان کی وفات سے فنون لطیفہ کی دنیا ایک عظیم فنکار سے محروم ہو گئی ہے، اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے معروف اداکار طلعت حسین کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلعت حسین ورسٹائل فنکار تھے ، طلعت حسین کے یادگار ڈرامے پرستار آج بھی نہیں بھولے، طلعت حسین کے انتقال سے اداکاری کا خوبصورت دور ختم ہوا ہے۔
عظمیٰ بخاری
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے لیجنڈ اداکار طلعت حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ محروم پاکستان کی شوبز انڈسٹری کا ایک بڑا نام تھے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں طلعت حسین کے چاہنے والے آج افسردہ ہیں، طلعت حسین کے انتقال پر انکے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کااظہارافسوس

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد نے سینئر اداکار کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھی انسٹاگرام پر طلعت حسین کے انتقال کی خبر شیئر کی اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

بشری انصاری  نے کہا کہ طلعت حسین بڑے آدمی تھے انہیں مدتوں تک یاد رکھا جائے گا، طلعت حسین باکمال اور بڑی شخصیت تھے.

جاوید شیخ

جاوید شیخ نے کہا کہ طلعت حسین بہت نفیس انسان اور بہترین اداکار تھے، طلعت حسین کا انتقال شوبر انڈسٹری کیلئے بڑا نقصان ہے، طلعت حسین ایک ادارے کی حیثیت رکھتے تھے۔