موبائل فون سروس کی بندش کے حوالے سے وفاقی وزیرکا بڑا اعلان 

May 26, 2023 | 21:51 PM

ایک نیوز :وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا ہے کہ آئندہ موبائل فون سروس پورے ملک میں بند نہیں کی جائے گی اور اس کی بندش صرف متاثرہ علاقوں تک محدود ہوگی۔
تفصیلات کےمطابق کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں آئی ٹی ایکسپورٹ و انڈسٹری کے لیے اسٹارٹ اپس پر منعقدہ کانفرنس کے بعد  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید امین الحق نے کہا کہ وزارت سمجھتی ہے کہ پابندی ترقی کے عمل کو روکتی ہے۔ سوشل میڈیا کے قوانین کے لیے کام کررہے ہیں۔ 9مئی کے واقعات کے بعد آئی ٹی کی بندش سے انڈسٹری کو اربوں روپے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی نے ڈیجیٹل پاکستان کا ہدف حاصل کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔ ملک میں اگلے 50سال کی ضرورت کے تناظر میں آئی ٹی پالیسی مرتب کی گئی ہے۔ دسمبر 2022 تک آئی ٹی ایکسپورٹس 500ملین ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔ وزارت آئی ٹی میڈ ان پاکستان کو فروغ دینے کی پالیسی پرگامزن ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں موبائل اور اسمارٹ فونز کی مینوفیکچرنگ جاری ہے اور مقامی طور پر بننے والے اسمارٹ فون کی قیمت 18 سے 25ہزار روپے ہے۔
امین الحق نے بتایا کہ گذشتہ تین سال میں 75ارب روپے کی لاگت سے کنیکٹیوٹی کے 70 نئے پراجیکٹس شروع کیے۔ یہ رقم پی ایس ڈی پی کے بجائے سیلولر کمپنیوں کی آمدنی کا 2فیصد سے حاصل کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی بزنس کی ترقی کنیکٹیوٹی کی سہولت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

مزیدخبریں