ایک نیوز :یوٹیوب نےاپنے پلیٹ فارم پر اسٹوریز فیچر کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ فیچر 2018 میں متعارف کرایا گیا تھا اور کریٹیرز میں کافی مقبول تھا۔
یوٹیوب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اب کمپنی کی جانب سے اسٹوریز کی بجائے کمیونٹی پوسٹس اور مختصر ویڈیوز کے سیکشن شارٹس پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
بیان میں بتایا گیا کہ 26 جون 2023 اسٹوریز پوسٹ کرنے کے لیے آخری دن ہوگا جس کے بعد اسے مزید استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
26 جون کو پوسٹ کی جانے والی اسٹوریز 3 جولائی تک پلیٹ فارم پر نظر آئیں گی جس کے بعد یہ فیچر باضابطہ طور پر ختم ہو جائے گا۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ صارفین کو پہلے ہی شارٹس، لائیو اور کمیونٹی پوسٹس کی شکل میں ایسے ٹولز فراہم کیے جاچکے ہیں جو ان کے ناظرین کو انگیج رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ کمیونٹی پوسٹس کا فیچر حال ہی میں متعارف کرایا گیا تھا جو اسی وقت استعمال کرنا ممکن ہے جب کسی یوٹیوب چینل کی سبسکرپشن ایک ہزار افراد کریں۔
یوٹیوب اسٹوریز کو اس ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم نے انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ کے مقبول اسٹوریز فیچر کے مقابلے میں متعارف کرایا تھا۔
تاہم یہ فیچر عام صارفین میں کچھ زیادہ مقبول نہیں ہو سکا تھا۔