ایک نیوز :مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزراور سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ 9مئی کے واقعات پر میرا دل خون کے آنسو روتا ہے، 9مئی کو سب کچھ اچانک نہیں ہوا، واقعات کی منصوبہ بندی زمان پارک کی گئی۔
تفصیلات کےمطابق مریم نوازنے وہاڑی میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آج کا مسلم لیگ ن کا اجتماع شہدا اور غازیوں کے نام کیا ہے ، آج کا اجتماع ان ماؤں کے نام کرتی ہوں جنہوں نے اپنے بچے قربان کیے۔
مریم نواز نے کہا کہ 9مئی کو گھٹیا ایجنڈے کی تکمیل کیلئے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی ،شہدا کے بچوں اور دیگر اہل خانہ کے جذبات سے کھیلا گیا،کوئی پاکستانی یہ سب کچھ نہیں کرسکتا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری پر جتھوں نے حساس تنصیبات پر حملے کیے، 60ارب کا ڈاکہ ڈالنے والے نے منصوبہ بندی کی، ہر شہر سے نکلنے والے پی ٹی آئی جتھوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کیے، جو دہشت گرد نہ کرسکے وہ عمران خان نے کردکھایا، کتنا بڑا غدار ہے وہ شخص جس نے شہدا کی یادگاروں کو آگ لگائی۔