ایک نیوز :سابق وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا۔آبدیدہ بھی ہو گئے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد راس کا کہنا تھاکہ جہاں ہم آج بیٹھے ہیں معلوم نہیں تھا کہ ایسے بیٹھے ہوں گے۔ ملک ہم سب کا ہے، ہم سب نے یہیں رہنا ہے، لڑائی سے ملک بہتر نہیں ہوسکتا۔ عمران خان جب لاہور میں شفٹ ہوئے تو جو مشیر ان سے جڑے وہ یہاں تک لائے، ان کے مشیروں کی وجہ سے یہ سب ہوا، جو 9 مئی کو ہوا اس کی جتنی مذمت کریں کم ہے۔ سابق وزیر مراد راس کا مزید کہنا تھا کہ ہم کبھی نہیں چاہتے جو کام ہم عوام کیلئے کر رہے تھے اس کو روکا جائے جو ہماری جیسی ذہنیت رکھتے ہیں، آئیں ہمارے پاس، دروازہ سب کیلئے کھلا ہے، 9 مئی کی پی ٹی آئی کی تشدد زدہ سیاست کو نہیں مانتے۔ہم نے ایک ذہنیت کے لوگوں کا گروپ بنایاہے تاکہ ملک کی ترقی کیلئے کام کریں۔ ہم نےکبھی نہیں سوچا تھا کہ پی ٹی آئی کو خیرباد کہیں گے، آج عمران خان اور پی ٹی آئی سے راستے جدا کر رہےہیں۔