جنوبی پنجاب سے پی ٹی آئی کا صفایا، اہم لیڈروں کا اعلان لاتعلقی

May 26, 2023 | 16:07 PM

ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف کا ڈوبتا سورج طلوع نہ ہوسکا۔ جنوبی پنجاب سے پارٹی کا صفایا ہوگیا۔ بڑے سیاسی برج عمران خان کا ساتھ چھوڑ گئے۔ 

تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کی سیاست میں اہم سمجھے جانے والے سیاسی رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں 9 مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کی اور پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے بیانیے سے اعلان لاتعلقی کردیا۔

سابق ایم پی اے دیوان عظمت: 

سابق ایم پی اے  دیوان عظمت نے پریس کانفرنس میں کہا کہ نو مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں۔ تحریک انصاف کی رکنیت سے مستعفی ہوتا ہوں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اب تحریک انصاف کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے۔ 

ارشاد کاٹھیہ نے بھی راہیں جدا کرلیں:

ارشاد کاٹھیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حالات سے قوم ہل گئی۔ شہدا کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کرسکتے۔ ہمارے بزرگوں نے ملک کے لیے قربانی دی ہے۔ ہم ملک کو برباد ہوتا نہیں دیکھ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ فصل الرحمان، نواز شریف یا عمران خان کے باپ نے قربانی نہیں دی۔ فوج کی وجہ سے ملک قائم ہے۔ فوج ہے تو ملک ہے۔ جو فوج کے خلاف ہے ہم اس کے خلاف ہیں۔ 

محمد شاہ کھگہ:

محمد شاہ کھگہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ آج وہ پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کررہے ہیں۔ عمران خان سے رابطہ منقطع ہے۔ تاہم ابھی کسی اور پارٹی میں جانے کا فیصلہ نہیں کیا۔ آئندہ سیاست کا اعلان مشاورت کے بعد کروں گا۔ 

فیصل جلال ڈھکو:

ساہیوال سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر اور جنرل سیکرٹری فیصل جلال ڈھکو نے بھی عمران خان کے بیانیے کی نفی کرتے ہوئے راہیں جدا کرلی ہیں۔ 

پی ٹی آئی کے رہنما فیصل جلال ڈھکو نے اپنے بیان میں کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ اس وجہ سے پی ٹی آئی سے اعلان لاتعلقی کرتا ہوں اور آئندہ سیاست کا فیصلہ مشاورت کے بعد کروں گا۔ 

طارق ارشاد:

طارق ارشاد نے اپنے بیان میں کہا کہ اب تحریک انصاف کے ساتھ نہیں چل سکتے۔

فرخ مانیکا:

پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے فرخ مانیکا بھی پریس کانفرنس میں پہنچ گئے اور پارٹی سے اعلان لاتعلقی کردیا۔ 

انہوں نے کہا کہ کوشش کی آئین میں رہتے ہوئے سیاست کریں۔ پرتشدد سیاست ہماری سیاست کے منشور کا حصہ نہیں۔ جو مظاہرہ میں شامل نہیں تھے۔ انہیں بھی گرفتار کیا گیا۔ کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ آج سیاسی سرگرمیوں کو معطل کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

 فردوس عاشق اعوان:

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی رہنما سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں پی ٹی آئی سے اعلان لاتعلقی کردیا۔

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کی تعمیر وتکمیل کے لیے پی ٹی آئی میں آئی تھی۔ عمران خان کے دورمیں وزیراعظم ہاؤس میں سیکیورٹی اداروں کے خلاف کچھ عناصر ذہن سازی کر رہے تھے۔ میں آواز بلند کرتی رہی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ 9 مئی کو زمان پارک سے سازش کی گئی تھی۔ سازش کا مقصد بیرونی آقاؤں کو خوش کرنا تھا۔ سیاست میں رواداری کا جنازہ نکل چکا ہے۔ تحریک انصاف کی طرف سےانتہا پسند مائنڈ سیٹ کو پروموٹ کیا گیا۔ 

انہوں نے اعلان کیا کہ شرپسند اور دہشتگرد کارروائیوں کے باعث تحریک انصاف سے راستے جدا کر رہی ہوں۔ عمران خان اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ میرا سیاست کا سفر جاری رہے گا۔ عمران خان کا ایجنڈا پاکستان کے لیے زہر قاتل بن چکا ہے۔ عمران خان قومی اداروں کے خلاف ویڈیوز بیرون ملک بھجوا رہے ہیں۔ عمران خان بند گلی میں پہنچ گئے ہیں۔

مزیدخبریں