انتخابات کیلئے الیکٹورل گروپس کے اندراج کا شیڈول جاری

May 26, 2023 | 15:39 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات پنجاب کے حوالے سے الیکٹورل گروپس کے اندراج کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق  الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں ایسے امیدواران جو کسی سیاسی جماعت میں شمولیت حاصل کئے بغیر انتخاب لڑنا چاہتے ہیں، انکے لئے الیکٹورل گروپ کے اندراج کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ء کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جماعتی بنیادوں پر کیا جائیگا۔ ایسے متوقع امیدواران جو آزاد حیثیت میں بغیر کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں انہیں الیکٹورل گروپ کا اندراج کروا کر گروپ کی صورت میں الیکشن میں حصہ لینا ہوگا۔ اس لیےالیکشن کمیشن نے الیکٹورل گروپ کے اندراج کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔  
 الیکٹورل گروپ کے اندراج کے شیڈول کے مطابق 5جون 2023ء کو الیکٹورل گروپس کے اندراج کے لئے پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا۔ 6تا12جون تک الیکٹورل گروپ کے سربراہ یا انکے مجاز نمائندگان  فارم 1پر الیکشن کمیشن کے مجاز افسر کے پاس درخواست جمع کروا سکیں گے۔19 جون تک مجاز افسران فارم 1پر موصول ہوئی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد کسی کمی بیشی کی صورت میں درخواست متعلقہ الیکٹورل گروپ کے سربراہ کو واپس دیں گے۔ 26جون 2023ء تک الیکٹورل گروپ کے سربراہ یا انکے مجاز نمائندگان مجاز افسر کے پاس درستگی کے بعد ترمیم شدہ فارم 1دوبارہ جمع کروائیں گے۔ 27 جون تا 3جولائی  تک مجاز افسران الیکٹورل گروپ کے اندراج کی تصدیقی سند فارم 3جاری کریں گے۔

 درخواستوں کو منظور یا مسترد کرنے پر مجاز افسران کے فیصلوں کے خلاف اعتراضات و گزارشات دائر کرنے کی تاریخ 4جولائی تا 10جولائی مقرر کی گئی ہے۔ ان گزارشات یا اعتراضات کی سنوائی الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ افسران کریں گے۔ 17جولائی تک ان اعتراضات و گزارشات پر فیصلے جاری کر دئیے جائیں گے اور الیکٹورل گروپس کے اندراج کا عمل مکمل کر دیا جائے گا۔ 
 صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے متوقع امیدواران کیلئے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایسے امیدواران جو کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کئے بغیر انتخابات لڑنا چاہتے ہیں انکے لئے لازم ہے کہ وہ جلد اپنے الیکٹورل گروپ کا اندراج کر وائیں اور انتخابات میں حصہ لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پہلی بار انتخابات میں الیکٹور ل گروپس کا اندراج عمل میں لایا جائیگا، لہٰذہ عوام بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لیں اور دوسروں کو آگاہ کریں۔ 

مزیدخبریں