ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف حقیقی کے نام سے پارٹی کےقیام کیلئے درخواست جمع کروادی گئی۔
تفصیلات کے مطابق راؤ محمد یاسر نامی شخص نے پارٹی رجسٹریشن کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست جمع کرادی،راؤ یاسر کا تعلق ملتان سے ہے۔
پاکستان تحریک انصاف حقیقی کے چیئرمین راؤ یاسر، پاکستان تحریک انصاف ملتان کے ضلعی صدر خالد محمود ورائچ کے دست راست سمجھے جاتے تھے۔ راؤ محمد یاسر پراپرٹی کا کاروبار کرتے ہیں اور انہوں نے سیاست کا آغاز پاکستان تحریک انصاف سے کیا۔ ان کے خاندان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔راؤ یاسر کبھی ایم پی اے کا الیکشن بھی نہیں لڑے، انہیں صرف پی ٹی آئی کی ریلیوں اور جلسے، جلوسوں میں ہی دیکھا گیا ہے۔
گزشتہ روز راؤ یاسر نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ نئی پارٹی بنانے کا مقصد پی ٹی آئی کارکنوں کو سیاسی پلیٹ فارم مہیا کرناہے تاکہ وہ سیاست سے کنارہ کشی نہ کریں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پارٹی کا اعلان کردیا، اب الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ کروا کے انتخابی نشان بھی حاصل کریں گے اور آئندہ انتخاب میں اپنے امیدوار کھڑے کریں گے۔‘راؤ یاسر کی لنکڈاِن پروفائل کے مطابق انہوں نے نیو جرسی کے بلوم فیلڈ کالج سے تعلیم حاصل کی ہے۔