چینی باشندوں کی ہلاکت:وزیر اعظم چینی سفارتخانے پہنچ گئے

Mar 26, 2024 | 16:08 PM

ایک نیوز :شانگلہ خودکش حملے کے بعد وزیراعظم اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  چینی سفارت خانے پہنچ گئے،  چینی سفیر سےملاقات کی ۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعظم شہباز شریف  چینی سفارتخانے پہنچے جہاں انہوں نے چینی سفیر سے ملاقات کی ،وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے،وزیراعظم شہباز شریف نے چینی باشندوں پر دہشتگردی کے واقعہ  کی شدید الفاظ میں مذمت کی،وزیر اعظم شہباز شریف نے  چینی سفیر سے اظہار تعزیت کی،ملوث عناصر کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہاکہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں.  پاکستانی حکومت واقعے کی اعلی سطح اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داراں و سہولت کاروں کو قرارواقعی سزا دے گی.

 چینی سفیر سے گفتگو میں وزیرِ اعظم نے چینی صدر اور چینی وزیرِ اعظم کیلئے واقعے کے حوالے سے تعزیتی پیغام دیا اور کہا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی ایسی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،  سی پیک کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر سے ایسی بزدلانہ حرکت سے اسے متزلزل کرنے کی سازش کی ہے مگر دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا. دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک اسکے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

جبکہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر کو دھماکے کی تمام تفصیلات اور ہلاکتوں کے بارے آگاہ کیا ،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جائے وقوعہ پر جاری ریسکیو آپریشن سے بھی چینی سفیر کو تفصیلات سے آگاہ کیا ،وزیر داخلہ نے شانگلہ میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے،  واقعہ کی جامع تحقیقات کو یقینی بنا کر اس میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے، ان عظیم دو طرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

مزیدخبریں