ایک اور دلخراش واقعہ :ڈور پھرنے سے 2سالہ بچے کی گردن کٹ گئی

ایک اور دلخراش واقعہ :ڈور پھرنے سے 2سالہ بچے کی گردن کٹ گئی
کیپشن: ایک اور دلخراش واقعہ :ڈور پھرنے سے 2سالہ بچے کی گردن کٹ گئی

ایک نیوز :پتنگ بازی کا خونی کھیل جاری ہے ،گردن کٹنے کا ایک اور دلخراش واقعہ سامنے آگیا ،قاتل ڈور سے2 سالہ بچے کی گردن کٹ گئی۔

تفصیلات کےمطابق کراچی میں دو سالہ موسی والد کاشان کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار تھا، گلشن شمیم سے گزرتے ہوئے پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے گردن اور شہہ رگ کٹ گئی ،ڈور سے والد کاشان کا ہاتھ بھی کٹ گیا، ننھے موسی کو پہلے قریبی اسپتال پھر سول منتقل کیا گیا ،معصوم موسی کو نجی اسپتال کے وینٹی لیٹر پر مصنوعی سانس دی جارہی ہے ،اہلخانہ کے مطابق افسوسناک واقعہ جمعے کے روز پیش آیا۔

جبکہ  اسلام آباد میں بھی دھاتی ڈور پھرنے سے کم سن بچہ زخمی ہو گیا،بچہ گاڑی میں سن روف سے باہر نکل کر کھڑا تھا۔واقعہ سیکٹر جی الیون مرکز میں پیش آیا۔زخمی بچے کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں جھال چکیاں کے علاقے تقی پارک میں ماں باپ کا اکلوتا کمسن بچہ پتنگ لوٹتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا جبکہ پتوکی کے نواحی گاؤں جاگووالہ میں 8 سالہ بچہ علی رضا پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گرکر جاں بحق ہوگیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق جھال چکیاں میں بچہ لوہے کا پائپ اٹھا کر کٹی ہوئی پتنگ لوٹ رہا تھا کہ پائپ ہائی وولٹیج تاروں سے ٹکرا گیا، پائپ ٹکراتے ہی بچے کو زوردار کرنٹ لگا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

واضح رہے گزشتہ روز فیصل آباد میں ڈور پھرنے سے 22 سالہ آصف جاں بحق ہوگیا تھا، آصف کی عید سے 4 روز بعد شادی تھی۔