ایک نیوز :چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کی کل اسلام آباد عدالت میں پیشی کے حوالے سے اسلام آباد پولیس کا بیان بھی سامنے آیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے عمران خان کی پیشی کے حوالےسے کہا کہ عمران خان کی کل پیشی کے حوالے سے کوئی اطلاعات نہیں ،عدالتی احاطے میں صرف متعلقہ اشخاص کو داخلے کی اجازت ہوگی ،قانون کی عملداری برابری کی سطح پرعمل میں لائی جائیگی۔ پہلے کی طرح طرز عمل اپنایا گیا تو بلاتفریق قانونی کارروائی کی جائیگی۔اسلام آباد پولیس عدالتی احکامات کی روشنی میں سکیورٹی انتظامات کرے گی ۔
واضح رہے کہ چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کل پھر اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہوں گے ۔سابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کل اسلام آباد عدالت پیشی کے معاملے پر مشاورت کی گئی، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی قیادت اور لیگل ٹیم سے مشاورت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کل صبح عدالت میں پیش ہونے کیلئے اسلام آباد جائیں گے، اس مقصد کیلئے فواد چودھری لیگل ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد روانہ ہو ں گے ، مرکزی قیادت بھی اسلام آباد پہنچے گی۔
عمران خان جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ پر بنائے گئے مقدمات کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے، سابق وزیر اعظم 5 مقدمات میں عبوری ضمانت حاصل کرنے کیلئے اسلام آباد روانہ ہوں گے۔