ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومتی ظلم اور جبر کی کوئی مثال نہیں ملتی، مینار پاکستان کے تمام راستوں کو کنٹینرزکے ذریعے بند کیا گیا، لاہور سے لوگوں کو اٹھا کر لاپتہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چودھری نے اسد عمر کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ رات لاکھوں لوگوں نے فسطائی حکومت کے ہتھکنڈوں کو مسترد کیا،پورا پاکستان اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے،تحریک انصاف کے رہنما کا کہناتھا کہ حکومتی ظلم اور جبر کی کوئی مثال نہیں ملتی، مینار پاکستان کے تمام راستوں کو کنٹینرزکے ذریعے بند کیا گیا، لاہور سے لوگوں کو اٹھا کر لاپتہ قرار دیا جا رہا ہے، اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے کے نوٹسز دیئے جارہے ہیں۔گھروں میں گھس کر خواتین کی بے عزتی کی جارہی ہے، سیاسی ورکرز کےساتھ اس سے پہلے اتنا برا سلوک نہیں دیکھا،اس ملک کو کیا بنا دیاہے؟
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں فسطائیت عروج پر ہے،یہ حکمران ملک کو تباہی کے علاوہ کہیں نہیں لے جا رہے۔جب ملک ایسے چلے گا تو جمہوریت کی کوئی گنجائش نہیں، آنےوالا ہفتہ تاریخ کیلئے اہم موڑ ثابت ہوگا ،پاکستا ن کی عدلیہ اب 1950 والی عدلیہ نہیں،عدلیہ سب کو آئین کا دفاع کرتی ہوئی نظر آئے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ حسان نیازی کو کوئٹہ لے گئے، اب لاہور میں پرچہ کاٹ دیاہے، یہ ملک کو تباہی کے علاوہ کہیں نہیں لے جا رہے، کل لاہو ری بڑی تعداد میں خود نکلے ہیں،عوام کپتان کیلئے نہیں، اپنے لئے نکلے ہیں۔