حیدرآباد: پولنگ کےدوران جھگڑا،کارکنوں کی ایک دوسرے پر مکوں کی بارش

حیدرآباد: پولنگ کےدوران جھگڑا،کارکنوں کی ایک دوسرے پر مکوں کی بارش
کیپشن: حیدرآباد: پولنگ کےدوران پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کےکارکنوں میں ہاتھا پائی

ایک نیوز: حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کی ری پولنگ کے دوران  یوسی 28 کے وارڈ 1 پر پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی اور تحریکِ انصاف کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کی بھاری اضافی نفری نے پہنچ کر دونوں گروپوں کے کارکنوں کو منتشر کر دیا۔یوسی 28 کے وارڈ ون میں پولنگ اسٹیشن کے باہر بھی پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر دھاندلی کا الزام لگا دیا۔پولیس کی بھاری نفری پولنگ اسٹیشن پہنچ گئی۔پی ٹی آئی کے سابق ضلعی صدر علی ہنگورو کے پولنگ اسٹیشن میں داخلے پر دونوں جماعتوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے پی ٹی آئی رہنما کے پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے پر اعتراض کیا تھا۔

سندھ کے 15 اضلاع میں پولنگ:

واضح رہے کہ سندھ کے 15 اضلاع میں مختلف وجوہات کی وجہ سے روکی گئی پولنگ آج جاری ہے۔صبح 8 بجے شروع ہونے والا ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔سندھ کے 15 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں 90 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ہو رہی ہے۔ضلع جیکب آباد، کشمور، شکار پور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، سکھر، خیر پور، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، میر پور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر، حیدر آباد، جامشورو اور بدین میں مختلف کونسلز کی کیٹیگریز چیئرمین، وائس چیئرمین، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، جنرل ممبرز کی نشستوں پر دوبارہ پولنگ جاری ہے۔