وزارت مذہبی امور نے حج اخراجات میں کمی کی نوید سنادی

Mar 26, 2023 | 13:19 PM

ایک نیوز: وزارت مذہبی امور نے حج اخراجات میں کمی کی نوید سنادی۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹر عطاالرحمان  کا کہنا تھا کہ سرکاری حج  اسکیم کے تحت عازمین کو45 سے  50 ہزار روپے تک واپس کئے جاسکتے ہیں۔   

سعودی ریال کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی شرح تبادلہ میں بہتری ہوئی تو فائدہ پاکستانی عازمین کو منتقل کریں گے۔  سعودی   حکومت سے مذاکرات اور بعض اخراجات میں کمی کرکے حج پیکج کو سستا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 

ڈاکٹر عطاءالرحمان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ شمالی ریجن کے لئےسرکاری حج پیکج 11 لاکھ 75 ہزار سے کم کرکے 11 لاکھ 30 ہزار تک لایا جائے۔  جنوبی ریجن کے لئے 11 لاکھ 65 ہزار والا سرکاری حج پیکج سستا ہوکر 11 لاکھ 20 ہزار تک دستیاب ہوسکے۔  شمالی ریجن اسلام آباد ،لاہور،پشاور ، ملتان ،فیصل آباد، رحیم یار خان اور سیالکوٹ پر مشتمل ہے جبکہ جنوبی ریجن میں کراچی،کوئٹہ اور سکھر شامل ہیں۔

ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور  کا کہنا تھا کہ رواں برس ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔سرکاری اسکیم کے تحت 89 ہزار 605 پاکستانی حجاز مقدس جائیں گے۔سرکاری حج اسکیم کا 50 فیصد کوٹہ اسپانسر شپ اسکیم کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ 44,802 نشستیں اسپانسر شپ  اسکیم کے تحت ڈالرز میں حج اخراجات جمع کروانے والوں کے لیے مختص ہیں۔

مزیدخبریں