ایک نیوز:بھارت میں پانی ٹیکس کی عدم ادائیگی پر بھینس کو ضبط کرلیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک ڈیری آپریٹر کی بھینس کو پانی ٹیکس کی ادائیگی میں کوتاہی برتنے پرگوالیارمیونسپل کارپوریشن نے ضبط کرلیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی نادہندگان سے پراپرٹی اور واٹر ٹیکس کے واجبات کی وصولی کیلئےجاری مہم کے طور پر کی گئی۔ کارپوریشن کے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ نے ڈیری آپریٹر بال کشن پال کے نام پانی کے ٹیکس کی ادائیگی میں 1.39 لاکھ روپے کی تاخیر کیلئے نوٹس جاری کیا تھا۔
ڈیری آپریٹربال کشن کو متعدد بار واجب الادا واٹر ٹیکس ادا کرنے کے نوٹس جاری کئے گئے۔ لیکن اس نے وارننگ پر کوئی توجہ نہیں دی۔ بعد میں جی ایم سی کے محکمہ پی ایچ ای نے ایک حتمی نوٹس جاری کیا اور اسے مخصوص دنوں میں واجب الادا پانی کا ٹیکس ادا کرنے کا الٹی میٹم دیا۔ لیکن اس کے باوجودبھی جب اس نے واجب الادا واٹر ٹیکس ادا نہیں کیا تو محکمہ پی ایچ ای کے اہلکاروں کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اس کی بھینس ضبط کر لی۔