ایک نیوز: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آپریشن عزم استحکام کے حکومتی فیصلہ کو مسترد کرتے ہیں ، پاکستان مزید کسی فوجی آپریشن کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی واضح پوزیشن ہے کہ فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں،گزشتہ 30 برسوں میں جتنے آپریشن ہوئے ان سے فائدے کی بجائے نقصان ہوا، ملک کو امریکہ کی نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دھکیلا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس جنگ میں ایک لاکھ پاکستانی سویلین اور سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے،، قومی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پاکستان بیرونی ایجنسیوں کا اکھاڑا بن گیا،افغانستان سے بامعنی مذاکرات کیے جائیں، ایران پاکستان گیس پائپ لائن مکمل کی جائے۔
حافظ نعیم الرحمن کاکہنا تھا کہ حکومت کو اب تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لینا چاہیے ،فوج ، عوام ،جموریت اور پاکستان کے لئے یہی بہتر ہے کہ ایسا کوئی بھی فیصلہ نہ ہو جس سے ملک بحران کا شکار ہو جائے ، نوجوانوں کو روزگار ، تعلیم دی جائے، دہشت گردی کے اسباب کا جائزہ لینا ہوگا۔