ایک نیوز: ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کیلئے 28 خواتین کرکٹرز کا کیمپ کراچی میں شروع ہوگیا، محمد وسیم ویمنز ایشیا کپ کے لیے پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر کر دیے گئے۔
ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی نے کیمپ میں 28 کرکٹرز کو مدعو کیا ہے، سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد سکواڈ کا اعلان کرے گی ،پاکستان کرکٹ بورڈ نے اے سی سی ویمنز ایشیا کپ کے لیے ٹیم منیجمنٹ کا اعلان بھی کر دیا ۔
محمد وسیم ہیڈ کوچ ، سابق ٹیسٹ بولرز عبدالرحمن اور جنید خان بالترتیب سپن بولنگ کوچ اور اسسٹنٹ کوچ ہونگے، آٹھ ٹیموں پر مشتمل اے سی سی ویمنز ایشیا کپ 19 سے 28 جولائی تک سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلا جائے گا ۔
ٹورنامنٹ کے پہلے روز پاکستان روایتی حریف بھارت سے مقابلہ کرے گا جبکہ نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ 21 اور 23 جولائی کو کھیلے جائیں گے، کیمپ میں شریک کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض، انوشے ناصر، عائشہ ظفر ،ڈیانا بیگ ، دعا ماجد، ایمان فاطمہ، فاطمہ ثنا ، گل فیروزہ ،حمنہ بلال، ارم جاوید، ماہم منظور، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز،ندا ڈار، عمیمہ سہیل، قرۃ العین، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب ،طوبیٰ حسن، ُیسری عامر، ام ہانی اور وحیدہ اخترشامل ہیں۔
ویمنز ایشیا کپ کے لیے پلیئر سپورٹ سٹاف میں حنا منور ( منیجر ) محمد وسیم ( ہیڈ کوچ ) عبدالرحمن ( اسپن بولنگ کوچ ) جنید خان ( اسسٹنٹ کوچ ) حنیف ملک ( فیلڈنگ کوچ ) رابعہ صدیق ( فزیو ) ولید احمد( انالسٹ ) ہونگے۔