اسلام آباد ہائیکورٹ کا زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ کا زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
کیپشن: Islamabad High Court's order to remove Zartaj Gul's name from ECL

ایک نیوز:اسلام آباد ہائیکورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل کانام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیدیا ہے۔ 

 اسلام آباد ہائیکورٹ میں سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست  پر  سماعت ہوئی، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی، عدالت میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پیش ہوئے اور ایف آئی آر کا ریکارڈ پیش کیا گیا ۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ رپورٹ میں زرتاج گل کا نام 2ایف آئی آر میں درج ہے ، دہشتگردوں کا نام تو آپ ڈالتے نہیں ارکان اسمبلی آرہے ہیں عدالت میں، آئی جی کو بلاؤں گا اور پوچھوں گا ،ایک سیاسی رہنما ریلی نکالتا ہے تو آپ نام ای سی ایل میں ڈال دیتے ہیں ، میرے پاس تو کسی گینگ یا دہشتگردوں کا کیس نہیں آیا، کوئی ہے پوچھنے والا جو نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کرتے ہیں وہ بھی ڈرتے ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ان پر کون کون سے کیسز ہیں،جس پر وکیل اسامہ طارق ایڈووکیٹ نے کہا کہ مقدمہ نمبر567 اور 340 میں جواب جمع کرادیئے،آج ارجنٹ میں متفرق درخواست لگی،جس پر عدالت نے دریافت کیا کہ کیا 2 ہی مقدمات ہیں،دونوں میں ضمانت پر ہیں ؟،جس پر وکیل نے بتایا کہ جی دونوں مقدمات میں ضمانت پر ہیں۔

عدالت نے کہا کہ چھوٹے الزامات ہیں،تمام قابل ضمانت ہیں اور نام ای سی ایل میں ڈال دیتے ہیں ، ابھی نام نکال رہے ہیں،آئندہ ان کو بھی بلائیں گے جو منظوری دیتے ہیں۔

عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو ایک ہفتے میں نام ای سی ایل سے نکال کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔