ایک نیوز:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں متبادل توانائی کے ذرائع خصوصاً شمسی توانائی کی ترویج پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر اہم اجلاس ہوا ۔ اجلاس کو پیٹرولیم اور گیس کے شعبوں کے حوالے سے پیشرفت اور تجاویزپر بریفنگ دی گٰئی ۔
کاربن فٹ پرنٹ کافی کم ہونے کے باوجود پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے پانچواں سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، متبادل توانائی پر مبنی مصنوعات کے فروغ کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات پر قابو پانے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،ٹائیٹ گیس کی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے لائحہ ء عمل تیار کیا جائے گا،تیل اور گیس پائپ لائنز سے چوری کے انسداد کے لئے سمارٹ میٹرز کی تنصیب کی جائے گی۔
الیکٹرک بائیکس ،گاڑیوں اور بجلی پر چلنے والی گھریلو مصنوعات کے حوالے سے پالیسی پر کام کیا جا رہا ہے ،پیٹرولیم سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے تجاویز پر کام کیا جائے گا، پیٹرول اور گیس کی تلاش کے عمل کو مکمل ڈیجیٹائز کیا جائے گا،پیٹرولیم اور گیس کے شعبے میں مسابقت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، مقامی سطح پر تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافے کے لئے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے،بائیو فیولز کے فروغ کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے تھر کول کی گیسیفیکیشن کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تھر کول کی ملک کے دوسرے علاقوں تک رسائی کے لئے ریلوے لائین کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں،تھر کول پاکستان کی توانائی کی ضروریات کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں متبادل توانائی کے ذرائع خصوصاً شمسی توانائی کی ترویج پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔