ایک نیوز:سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری گرفتار پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت پہنچے ۔
فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمر سرفراز چیمہ ، ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری سے اظہار یکجہتی کے لیے آیا ہوں ،بانی پی ٹی آئی کامیاب نہ ہوئے تو پاکستان کے لوگ ہار جائیں گے پی ٹی آئی سے ہم گئے ہی نہیں آنے کا کیا سوال ہے ۔
صحافی نےسوال کیا کہ کیا فواد چوہدری کو پی ٹی آئی میں وہ جگہ ملے گی جو پہلے تھی ،جس پر فواد چوہدری نے کہا کہ عہدے اہم نہیں ہیں، بانی پی ٹی آئی کی کامیابی ہر صورت ضروری ہے، ہماری لیڈرشپ کی چودہ ماہ سے ضمانتوں کی درخواست پر سماعت نہیں ہو رہی ،میں سمجھتا ہوں یہ زیادتی کی بات ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ٹرائل کے بغیر لوگوں کو جیل میں رکھنا کیا مذاق ہے، آج 85 فیصد امریکی ایوان نمائندگان نے پاکستان کے الیکشن کے نتائج کو مسترد کیا ہے، امریکی ایوان نمائندگان نے کہا ہے اسکی تفتیش ہونی چاہیے اسکی بہت اہمیت ہے ،یورپی یونین ، انگلینڈ ، یو کے ، امریکہ کسی نے بھی شہباز شریف کو مبارکباد نہیں دی ،ان سب کو پتا ہے کہ یہ دھاندلی سے آگے آئے ہیں ۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان خارجہ پالیسی میں تنہا اور اکیلا کھڑا ہے، ایوان نمائندگان کی قرارداد سے واضح ہے کہ اس سے پاکستان کے مسائل بڑھیں گے ،میں سمجھتا ہوں پاکستان کو پالیسی ریویو کی ضرورت ہے، اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر الیکشن کا آڈٹ کرانا ہو گا۔