ایک نیوز: منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کیخلا ف عالمی دن کے موقع پر صدر ، وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیرداخلہ نے پیغام دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد منشیات کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے،اس دن کو منانے کا مقصد معاشرے کے لوگوں میں منشیات کے مضر اثرات کو اجاگر اور آگاہی دینا ہے۔
اس وقت دنیا بھر میں کروڑوں افراد منشیات استعمال کررہے ہیں جن میں کم عمر بچوں سے لے کر 65 سال کے بزرگ افراد بھی شامل ہیں،دنیا بھرکی طرح پاکستان میں بھی منشیات استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں ہرسال اضافہ ہوتا ہے۔
طبی و نفسیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی نسل میں نشہ آور اشیا کے استعمال کا رجحان درحقیقت دولت کی انتہائی فراوانی یا انتہائی غربت، دوستوں کی بری صحبت،اپنے مقاصد میں ناکامی،حالات کی بے چینی اور مایوسی، معاشرتی عدم مساوات ناانصافی، والدین کے گھریلو تنازعات بھی نشہ کے آغاز کے اسباب ہوسکتے ہیں۔
انسداد منشیات کے عالمی دن کا آغاز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک قرارداد سے ہوا یہ قرارداد 1987ء میں منظور کی گئی تھی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا انسداد منشیات کے حوالے سے پیغام
صدر مملکت کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ یہ دن پاکستان میں انسدادِ منشیات اور اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے کوششیں تیز کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی اشد ضرورت کو اجاگر کرتا ہے، منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ نوجوان نسل اور ان کے خاندانوں کیلئے نقصان دہ ہے، جرائم پیشہ اور دہشت گرد عناصر کیلئے آمدن کا ذریعہ ہیں، منشیات کے استعمال کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں ، میڈیا ، سول سوسائٹی ، والدین اور اساتذہ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی مدد سے ایک جامع حکمت ِعملی اپنانے کی ضرورت ہے،ہمیں منشیات سپلائی کرنے اور بیچنے والوں کے خلاف کاروائی کرکے اپنے معاشرے بالخصوص تعلیمی اداروں میں منشیات کی ترسیل کو روکنا ہوگا،قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہئے کہ وہ فعال اقدامات کریں اور منشیات کی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائیاں کریں۔
وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی کا منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر پیغام میں کہنا تھا کہ معاشرے میں منشیات کے استعمال سے پیدا ہونے والے مستقل خطرات کو مشترکہ اور جامع اقدامات سے نمٹنا ہو گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا منشیات کے خلاف عالمی دن پر پیغام میں کہنا تھا کہ آج ہم اپنے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے منشیات سے پاک پنجاب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ منشیات کا استعمال زندگیاں اور خاندان تباہ کرتا ہے، ہمیں اس خطرے سے لڑنے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔