ایک نیوز: وزیراعظم نے چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی کے حوالے سے چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان جوائنٹ وینچر منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سرمایہ کاری بورڈ کے امور پر اہم اجلاس ہوا، وزیراعظم نے چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی کے حوالے سے چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان جوائنٹ وینچر منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، چین کی ٹیکسٹائل ، چمڑے ، فٹ وئیر اور دیگر صنعتوں کی پاکستان میں ری لوکیشن کے حوالے سے بہت استعداد موجود ہے۔
وزیراعظم نے اپنے دورہء چین کے دوران شینزین میں پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں کے حوالے سے پیشرفت پر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ خصوصی اقتصادی زونز ون سٹاپ شاپ کے قانون کے مسودہ پر دورہء چین کے بعد ہونے والی پیشرفت کے تناظر میں نظر ثانی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے سے اجلاس سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ چینی صنعتوں کی پاکستان میں ری لوکیشن کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،اسلام آباد بزنس فیسیلیٹیشن مرکز کے قیام کے حوالے سے چینی ماہرین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں،آسان کاروبار ایکٹ کا مسودہ جلد کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز میں بھیجا جا رہا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبد العلیم خان ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے شرکت کی ،وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک ہوئے ۔