ایک نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے رواں سال مون سون سیزن میں 35 فیصد زائد بارشوں کے خدشے کے پیش نظر صوبہ بھر میں ندی نالوں کی بھرپور صفائی کا حکم دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور مون سون تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، کاظم پیرزادہ، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ڈی جی پی ڈی ایم اے سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
سیکرٹری اریگیشن،چیف میٹرولوجسٹ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وزیراعلیٰ کو مون سون کی تیاریوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو تمام بیراج لنک کینال، مین کینال، ڈریننگ سسٹم اور بند وغیرہ کی صورتحال کے حواکے سے رپورٹ پیش کی گئی ،جس میں بتایا گیا کہ آئندہ 3 ماہ کے دوران پاکستان میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر میں ڈرین سسٹم کی بھرپور صفائی کی ہدایت کرتے ہوئے ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر تمام اضلاع سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔
مریم نواز شریف نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں عوام کو انخلاء کے پلان سے آگاہ کرنے اور متاثرہ دیہات کے لوگوں کو قیام و طعام کے مقام سے متعلق آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رودکوہی کے ندی نالوں میں تجاوزات اور رکاوٹیں ہٹائی جائیں، ممکنہ سیلاب کے پیش نظر آبادی کے بروقت انخلا کی منصوبہ بندی کی جائے، انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ مال مویشیوں کو بھی بروقت نکالا جائے۔
مریم نوازکا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ارلی فلڈ وارنگ سسٹم رائج ہے، پاکستان میں کیوں پتہ نہیں چلتا، بارشوں کی صورت میں ہر شہر میں پانی کی فوری نکاسی کا اہتمام کیا جائے، جہاں بھی سیلاب کا خطرہ ہو بروقت پیشگی اقدامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی بروقت اور مستند اطلاعات کی ترسیل یقینی بنائی جائے، ہر سیلابی بند سے تجاوزات ہٹائی جائیں، مانیٹرنگ تسلسل سے جاری رہنی چاہیے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پی ڈی ایم اے کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا، انہوں نے ویدر پورٹل، فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن اور فلڈ سمولیشن ماڈل کا مشاہدہ کیا۔