ایک نیوز: عید قرباں کے قریب آتے ہی ہرطرف قربانی کے جانوروں کی گہما گہمی ہے اس دوران گلیوں گلیوں گائے ، بیلوں کی رسی تھامے نوجوانوں کی بڑی تعداد نظر آتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ رونق بعض اوقات حادثات کا باعث بن بھی جاتی ہے، حال ہی میں کراچی میں قربانی کیلئے لائے بھاری بھر کم بیل کی پھرتی نے ڈی ایچ اے فیز 6 میں شہریوں کی دوڑیں لگوادیں۔
سوشل میڈیا پر کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں سڑک پر بپھرے بیل کو بھاگتے ہوئے ریسٹورنٹ میں گھستے دیکھا گیا۔ویڈیو میں بیل کو ریسٹورنٹ کے گیٹ سے باآسانی اندر گھستے اور پھر چند افراد کو بیل کو باہر نکالتے دیکھا گیا۔
ریسٹورنٹ کے مالک کا کہنا ہےکہ ملازم نے بیل ریسٹورنٹ کی جانب آتا دیکھ کر شیشے کا دروازہ بند کرنےکے بجائے کھلا رکھ کر عقلمندی کا مظاہرہ کیا، واقعے کے دوران ریسٹورنٹ میں موجود کسی بھی شخص یا سامان کو نقصان نہیں پہنچا۔