ایک نیوز: پی ٹی آئی سربراہ نے اپنےخلاف درج مقدمات کی تفصیلات اور ہراساں کرنے سے روکنے کےلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 9 مئی کےبعد درج تمام مقدمات اور بھجوائے گئے نوٹسز کی تفصیلات عدالت طلب کرے۔ درخواست میں وفاقی وزارت دفاع، داخلہ، قانون وانصاف کو فریق بنایا گیاہے۔درخواست میں چاروں صوبوں کے آئی جیز،ڈی جی ایف آئی اے،الیکشن کمیشن، پیمراء بھی فریق ہیں جبکہ درخواست میں وفاقی وزیرداخلہ اورڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کوبھی فریق بنایا گیاہے،چئیرمین پی ٹی آئی نے درخواست انتظار حسین پنجوتہ ایڈووکیٹ کےتوسط سے دائر کی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار کو سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے،ایک مقدمہ میں ضمانت ہوتی ہے تو دوسرا مقدمہ درج کرلیا جاتا ہے،درخواست گزار کو ایف آئی آرز کی کاپیاں بھی فراہم نہیں کی جاتیں،درخواست گزار کو معلوم نہیں کہ اس کے خلاف کہاں کہاں مقدمات درج کیے گئے ہیں،ایک ہی نوعیت کے معاملے متعدد فورمز پر کاروائیاں جاری ہیں، آئین کےآرٹیکل دس اے کےتحت شفاف ٹرائل ہرشہری کا بنیادی حق ہے۔
درخواست میں موقف اپنا یا گیا ہےکہ شفاف ٹرائل کےلئے مقدمات کےاندراج کی معلومات اور ان تک رسائی ہرشہری کاقانونی حق ہے،عدالت درج مقدمات کی تمام تفصیلات طلب کرے،عدالت درخواست گزار کوکسی بھی مقدمے یاطلبی کےنوٹس میں ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے۔