ایک نیوز: پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کیخلاف اداروں کیخلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں عدالت نے بڑا فیصلہ سنا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد شہبازگِل پر اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ جہاں عدالت نے شہبازگِل کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کاروائی کا آغاز کرنے کا حکم دےدیا۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا نے ایف آئی اے کو شہبازگِل کو فورا گرفتار کرنے کا حکم دےدیا۔ اپنے حکم میں عدالت نے کہا ہے کہ شہبازگِل پاکستان میں جس بھی ائیرپورٹ پر نظر آئیں، انہیں گرفتار کرکے عدالت پیش کیاجائے۔
عدالت نے چیئرمین نادرا کو شہبازگِل کے شناختی کارڈ کو بلاک کرنے کا حکم بھی دیدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ شہبازگِل جان بوجھ کر کیس کے ٹرائل کو آگے نہیں ںڑھانا چاہتے۔
عدالت نے حکم دیا کہ شہبازگِل کی اسلام آباد اور فیصل آباد رہائشگاہ کے باہر اشتہاری قرار دینے کا اشتہار چسپاں کیاجائے۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسلام آباد کو شہبازگِل کی تمام پراپرٹیز کی رپورٹ 30 دن میں عدالت جمع کروانے کا حکم بھی دیدیا۔
عدالت نے اشتہاری قرار دینے کی کاروائی شروع کرنے اور دیگر رپورٹس 26 جولائی کو طلب کرلیں۔ اے ایس آئی نے شہبازگِل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ کی تعمیلی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروا دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہبازگِل کووارنٹ کے مطابق گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ وارنٹ کی تعمیل نہ ہونے کے لیے شہبازگِل جان بوجھ کر امریکا چلے گئے ہیں۔