ایک نیوز: کراچی میں کے پی ٹی گراؤنڈ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مرکز میں بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں وہاں موجود 16 خواتین زخمی اور بیہوش ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق زخمی خواتین کو ریسکیو کرنے کے لیے متعدد ایمبولینس روانہ کی گئیں جن کے ذریعے زخمی خواتین کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک زخمی خاتون کی حالت تشویش ناک ہے۔
علاقہ پولیس کے مطابق کے پی ٹی اسکول میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کیمپ لگا تھا، جس کے باہر خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ اسکول کا گیٹ کھلا تو اندر جانے کے لیے بھگدڑ مچ گئی۔
ایک متاثرہ خاتون نے بتایا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ہمیں پیسے دینے بلایا گیا تھا۔
دوسری جانب ایس پی بلدیہ مغیز ہاشمی کا کہنا ہے کہ سول اسپتال میں 20 خواتین پہنچی ہیں، 16 خواتین زخمی اور بیہوش ہوئی تھیں، دیگر چار خواتین زخمی خواتین کے ہمراہ طبی امداد کے لیے اسپتال گئی تھیں۔
ایس پی بلدیہ کے مطابق اسکول میں جگہ کم ہونے سے وقفےوقفے سےلوگوں کو بھیجاجارہا تھا،گیٹ کھلا تو بھگڈر مچ گئی،گیٹ پر لوگوں کی تعداد بہت زیادہ تھی،گیٹ کھلنے پراسکول کی ڈھلان تھی،جس سے خواتین گر گئیں، متعدد خواتین گرمی کی وجہ سے بیہوش ہوئیں۔