منی لانڈرنگ کیس،عدالت نے پرویز الہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

Jun 26, 2023 | 15:35 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کے صدر پرویزا لٰہی کی منی لانڈرنگ کیس میں 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کچہری لاہور میں پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ پر سماعت ہوئی،ایف آئی اے نے پرویز الٰہی کا 14روزہ جسمانی ریمانڈ مانگ لیا۔

تفتیشی افسر نے کہاکہ پرویز الٰہی سے تفتیش درکار ہے، عدالت جسمانی ریمانڈ فراہم کرے۔

پرویز الٰہی کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ پرویز الٰہی کو سیاسی بنیادوں پر دوبارہ گرفتار کیاگیا۔

تفتیشی افسر نے کہاکہ ایف آئی اے نے پرویز الٰہی کو کروڑوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں گرفتار کیا،ایف آئی اے نے پرویز الٰہی کو نئے مقدمے میں گرفتار کیا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے ایف آئی اے کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔

لاہور کی ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پرویز الہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

دوسری جانب پرویز الہی کی پیشی کے موقع پر پولیس نے عدالت کو نو گو ایریا بنالیا،میڈیا اور سائلین کو عدالت میں داخلے سے روک دیا گیا،پولیس کے درجنوں اہلکار عدالت کے باہر دیوار بنا کر کھڑے ہوگئے۔

پولیس کی جانب سے میڈیا کو کیمرے بھی احاطہ عدالت میں لے جانے کی کی اجازت نہیں دی گئی۔پولیس اہلکاروں کی جانب سے صحافیوں سے شدید بدتمیزی بھی کی گئی۔

قبل ازیں ایف آئی اے نے مبینہ فرنٹ مین محمد زمان کے بیان پرچودھری پرویزالہٰی کوگرفتار کیا۔ایف آئی اے ٹیم کیمپ جیل سے گرفتار کرکےلے گئی۔

ایف آئی اے ٹیم صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالہٰی کو بکتر بندگاڑی میں لے کرروانہ ہوئی۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل پرویز الٰہی کے فرنٹ مین اور گن مین محمد زمان گرفتار کیا جا چکا ہے، ذرائع کے مطابق محمد زمان یہ سابق وزیراعلیٰ کا کیش بوائے بھی تھا۔محمد زمان کی گرفتاری کے بعد ایف آئی اے ٹیم اور پولیس منی لانڈرنگ کیس اور محمد زمان کے حوالے سے تحقیقات کے لئے پرویز الٰہی کو لینے کیمپ جیل پہنچی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کیمپ جیل لاہور کو پرویز الہی کی رہائی کے لیے روبکار موصول نہ ہونے پر ان کی رہائی ممکن نہ ہو سکی تھی۔اسپشل سینٹرل کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی منی لانڈرنگ کے مقدمے میں درخواست ضمانت منظور کی تھی۔

مزیدخبریں