ایک نیوز: ماہرین کاکہنا ہے کہ کھیرے کا استعمال تو سلاد میں عام ہوتا ہے اور گرمیوں میں اس سے گرمی کا احساس بھی کم ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق آنکھوں پر کھیرے کا ٹکڑا رکھنے سے سیاہ حلقوں کو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
ایک کھیرے سے کاربوہائیڈریٹس، غذائی فائبر، پروٹین، وٹامن K، وٹامن سی، کیلشیئم اور وٹامن سی جیسے اجزا جسم کو ملتے ہیں، جبکہ اس میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس بھی متعدد امراض سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
آپ کھیرے کو کسی بھی شکل میں کھائیں، اس سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔
مناسب مقدار میں پانی پینا ہماری صحت کے لیے انتہائی ضروری ہوتا ہے، جس سے نظام ہاضمہ، گردوں کے افعال، یادداشت، دماغی افعال اور جسمانی درجہ حرارت کو فائدہ ہوتا ہے۔
مگر اکثر افراد مناسب مقدار میں پانی نہیں پیتے، تو کھیرے کھانے کی عادت ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لیے ایک اچھا آپشن ہے۔
کھیروں کا 96 فیصد سے زیادہ حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے جس سے جسم ڈی ہائیڈریشن سے بچتا ہے اور جسم کے متعدد حصوں کو فائدہ ہوتا ہے۔
کھیروں میں وٹامن K موجود ہوتا ہے جو ہڈیوں کی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔
جسم میں اس وٹامن کی کمی سے ہڈیاں ٹوٹنے کا خطرہ بڑھتا ہے جبکہ وٹامن K سے ہڈیوں کا حجم بڑھتا ہے، جس سے ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
کھیروں میں وٹامن K کے ساتھ ساتھ کیلشیئم بھی موجود ہوتا ہے جو ہڈیوں کی صحت کے لیے اہم ہوتا ہے۔کھیرے میں موجود پانی نظام ہاضمہ کے افعال بہتر کرتا ہے اور غذا آسانی سے ہضم ہوتی ہے۔اسی طرح غذائی فائبر آنتوں کے افعال درست رکھ کر قبض جیسے مرض سے متاثر ہونے سے بچاتا ہے۔
اگر آپ ذیابیطس کے شکار ہیں تو کھیرے کھانے کی عادت بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔اس کو کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح پر اثرات مرتب نہیں ہوتے اور اسی لیے ذیابیطس کے مریضوں کے لیے کھیرے فائدہ مند سمجھے جاتے ہیں۔
تحقیقی رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ کھیروں میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس ذیابیطس کے پھیلاؤ کی رفتار سست کر دیتے ہیں۔
اگر آپ جسمانی وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں تو کھیرے کھانے سے ایسا ممکن ہے۔کھیروں میں کیلوریز، کاربوہائیڈریٹس اور مٹھاس بہت کم ہوتی ہے جبکہ وہ پانی اور فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں جس کے باعث انہیں کھانے کے بعد پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے۔
پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہنے سے بے وقت کچھ کھانے سے بچنا آسان ہوتا ہے اور جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔ہائی بلڈ پریشر سے امراض قلب اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھتا ہے تاہم کھیروں میں موجود پوٹاشیم بلڈ پریشر کی سطح کو کم کرتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ کھیروں میں موجود نباتاتی مرکبات بھی دل کی صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں جو شریانوں میں چربیلے مواد کو جمع ہونے سے روکتے ہیں۔