کروڑ پتی شخص یونیورسٹی کے داخلہ امتحان میں 27 ویں بار فیل

Jun 26, 2023 | 00:06 AM

 ایک نیوز:لیانگ شائی سیچوان یونیورسٹی میں داخلے کے لیے41 برسوں میں 27 بار انٹرنس ٹیسٹ میں ناکام ہو چکے ہیں۔
اپنی پسند کی یونیورسٹی میں داخلے کے لیے انٹرنس ٹیسٹ میں ایک بار ناکامی کے بعد ایک فرد کتنے عرصے تک کوشش کرسکتا ہے ؟

اب آپ کا جواب جو بھی ہو مگر 56 سالہ لیانگ شائی کے لیے اپنی پسندیدہ یونیورسٹی میں داخلے کے لیے جتنے سال سے کوشش کررہے ہیں وہ ہر ایک کے بس کی بات نہیں۔اپنے کیرئیر میں کامیاب لیانگ شی ایک کروڑ پتی شخص ہیں مگر ان کا خواب یونیورسٹی میں داخلہ لے کر ڈگری حاصل کرنا ہے۔

چین میں یونیورسٹی یا کالج میں داخلے کے لیے gaokao ٹیسٹ میں کامیابی ضروری ہوتی ہے۔گزشتہ 4 دہائیوں میں وہ 27 بار قسمت آزمائی کر چکے ہیں مگر ہر بار ناکامی کا سامنا ہوا۔

لیانگ شائی نے سب سے پہلے 1983 میں 16 سال کی عمر میں یونیورسٹی میں داخلے کی کوشش کی تھی اور ناکام رہے تھے۔اس کے بعد 1992 تک مسلسل کوشش کرتے رہے مگر کامیاب نہ ہوسکے۔

1992 کے بعد چین میں داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر 25 سال کر دی گئی تھی جس کے باعث لیانگ شائی امتحان دینے سے قاصر رہے تھے ، یہ پالیسی 2001 میں ختم کردی گئی تھی۔

لیانگ شائی نے رواں ماہ 27 ویں انٹرنس ٹیسٹ میں 750 میں سے 487 نمبر حاصل کیے، مگر کامیابی کے لیے کم از کم 521 نمبر درکار ہوتے ہیں، یعنی انہوں نے 34 نمبر کم حاصل کیے۔

جون 2021 میں لیانگ نے اپنے 25 ویں انٹرنس ٹیسٹ میں 750 میں سے 403 نمبر حاصل کیے تھے۔ماضی میں ہر ناکامی کے بعد وہ اگلے سال دوبارہ کوشش کا عزم ظاہر کرتے رہے تھے مگر 4 دہائیوں میں پہلی بار اب ان کا حوصلہ ٹوٹتا ہوا نظر آیا ہے۔

انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ 'اگر مجھے بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آئی تو آئندہ ایسی کوشش کرنا بہت مشکل ہوگا، میں اس مقصد کے لیے روزانہ بہت محنت کرتا ہوں، ابھی میرے لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ اگلے سال میں انٹرنس ٹیسٹ میں شرکت کروں گا یا نہیں'۔

مزیدخبریں