امریکہ میں فارمولا دودھ کی قلت ہوگئی ، مائیں پریشان

Jun 26, 2022 | 15:59 PM

Muhammad Akhtar
ایک نیوز نیوز: امریکہ میں فارمولا دودھ کی قلت ہوگئی،بچے بھوکے اور مائیں پریشان ہیں کہ وہ کیا کریں۔
ایسی ہی ایک پریشان ماں لورین گالون کو اپنے بچے کے لیے اضافی دودھ لینے کی ضرورت پڑی کیونکہ ان کا بچہ دودھ پینے کے بعد بار بار اُگل رہا تھا۔۔۔اس کا وزن نہیں بڑھ پا رہا تھا اوراسے دو بار ہسپتال لے جانا پڑا۔
لیکن امریکہ میں قومی سطح پر نوزائیدہ بچوں کے لیے فارمولا دودھ کی قلت ہے اور لورین بھی کچھ بھی حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔
لہٰذا لورین نے بلیک مارکیٹ کا رخ کیا اور آن لائن ڈچ برانڈ کا آرڈر دیا جس کی امریکہ میں درآمد پر پابندی ہے۔
امریکی انتظامیہ نے بارہا ایسا دودھ خریدنے سے منع کیا ہے جسے امریکہ میں درآمد کرنے کی منظوری نہیں دی گئی۔
گذشتہ سال کسٹم حکام نے30000 ڈالر کا یورپی فارمولہ یہ کہتے ہوئے ضبط کیا تھا کہ اس کے اوپر غذائیت کی لیبلنگ مناسب نہیں ہے لہٰذا وہ اس کی ضمانت نہیں دے سکتے۔ اس سے دو سال پہلے انھوں نے سرحد پر 162000 ڈالر مالیت کے فارمولے کی درآمد روک دی تھی۔
لورین، میزوری میں ایک نرس ہیں، انھوں نے ماہرین اطفال اور دیگر سے خطرات کے بارے میں مشورہ کیا لیکن انھوں نے زیادہ انتظار نہیں کیا اور بلیک میں خریدنے سے ہچکچائیں نہیں۔
وہ کہتی ہیں کہ ’اگر یہ یورپی بچوں کے لیے صحت مند ہے، تو امریکی بچے ان سے مختلف نہیں ہیں۔‘
لورین کا کہنا ہے کہ ان کے نزدیک قواعد کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور ان کے علاوہ کئی اور لوگ بھی سوالات کے جواب چاہتے ہیں۔
بچوں کے لیے فارمولا کی قلت چوتھے مہینے میں داخل ہو رہی ہے اور اس نے امریکی فوڈ سیفٹی حکام پر اعتماد ختم کر دیا ہے۔ فارمولا کی اس کمی نے امریکہ میں نگرانی کے کمزور اور سخت حکومتی قوانین کو عیاں کیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ انھی قوانین کے باعث یہ صنعت بحران کا شکار ہوئی ہے۔
نیو جرسی کی سٹیفنی ایسپوسیتو کہتی ہیں’مجھے غصہ ہے۔‘ ان کے دن اپنے نو ماہ کے بیٹے ڈومینک کے لیے فارمولے کی تلاش میں گزرتے ہیں، جسے الرجی ہے اور وہ صرف گنے چنے مرکبات ہی برداشت کر سکتا ہے۔ وہ پوچھتی ہیں ’ہم اپنے نوزائیدہ بچوں کو کیا کھلائیں؟‘
’مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ وہ (انتظامیہ) بحران کو اس نہج تک کیسے پہنچا سکتے ہیں؟‘

مزیدخبریں