بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مداحوں کو ایک اہم راز سے آگاہ کیا۔پروگرام میں انوپم کھیر نے شاہ رخ خان سے سوال کیا کہ ’کیا آپ کسی عبدالرحمٰن نامی شخص کو جانتے ہیں؟ جس پر اداکار نے کہا کہ ’نہیں! میں اس نام کے کسی شخص کو جانتا تو نہیں ہوں لیکن بچپن میں یہ میرا نام ہوا کرتا تھا، میری نانی نے بچپن میں میرا نام عبدالرحمٰن رکھا تھا۔‘
شاہ رخ خان کے جواب پر میزبان نے پوچھا کہ ’آپ کو میرے اس سوال پر حیرانی ہوئی؟‘ جس پر اداکار نے کہا کہ ’ہاں! مجھے حیرانی ہوئی ہے کیونکہ میرا یہ نام کہیں رجسٹر نہیں ہوا اور نہ ہی کسی کو معلوم ہے۔‘ بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ مجھے یہ نام پسند نہیں تھا جبکہ میرے کزن مجھے اس نام سے بہت تنگ کرتے تھے۔اُنہوں نے کہا کہ ’اس کے بعد میرے والد نے میرا نام تبدیل کرکے شاہ رخ خان رکھ دیا تھا اور اسی نام سے میری ہر جگہ رجسٹریشن ہوئی اور یہی نام میری پہچان بنا۔‘
واضح رہے کہ سپراسٹار شاہ رخ خان نے 1980ء میں ٹی وی انڈسٹری سے آغاز کیا اور 1992ء میں فلم ’دیوانا‘ میں پہلی بار کام کیا جس کے بعد انہوں نے ایک نہیں کئی نہیں بلکہ سینکڑوں سُپر ہٹ فلمیں کرکے بالی ووڈ سمیت دنیا بھر میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی۔