وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سابق حکومت کے منصوبوں کو سفید ہاتھی قرار دے دیا

Jun 26, 2021 | 13:03 PM

admin
لاہور: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سابق حکومت کے منصوبوں کو سفید ہاتھی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت نے نمائشی منصوبوں پر قیمتی وسائل ضائع کئے، وطن عزیز کو بے دردی سے نوچنے والے نشان عبرت بن چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزیر مراد راس، اراکین صوبائی اسمبلی سمیع اللہ چودھری اور اسد کھوکھر نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے سمیع اللہ چودھری کو بہاولپور میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پائیدار ترقی کی حقیقی بنیاد رکھ دی، 560 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام سے ہر ضلع ترقی کرے گا، ماضی کی حکومت نے نمائشی منصوبوں پر صوبے کے قیمتی وسائل کو بے دردی سے ضائع کیا، ماضی کی حکومت میں یہ نمائشی منصوبے کل بھی سفید ہاتھی تھے اور آج بھی سفید ہاتھی ہیں، ہم نے جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ملتان کے بعد جلد ہی بہاولپور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، سرکلر روڈ بہاولپور کی کشادگی کے لئے فنڈز فراہم کریں گے، پہلی فرصت میں بہاولپور آؤں گا، جنوبی پنجاب کے مینڈیٹ کی پہلے بھی لاج رکھی ہے اور آئندہ بھی لاج رکھیں گے۔


مزیدخبریں